پتور 6؍دسمبر(ایس او نیوز) یہاں سے قریب پیرنے میں نیشنل ہائی وے 75پرگیس ٹینکر پلٹنے کا حادثہ پیش آیا ہے، مگر موصولہ رپورٹ کے مطابق کوئی بڑا المیہ نہیں ہوا ہے۔ کہتے ہیں کہ گیس سے بھرا ہوا ٹینکر جب کادمبو نامی مقام سے گزررہاتھا تو ڈرائیور اس پر قابو رکھ نہیں سکا اور وہ الٹ کر سڑک کے کنارے جاگرا۔اس سے ڈرائیور الاگری سوامی (۳۰ سال) زخمی ہوگیاجسے علاج کے لئے منگلورو کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ جب کہ کلینر پوری طرح محفوظ ہے ۔
خیال رہے سال 2013میں اسی علاقے میں گیس ٹینکر الٹنے سے ایک بڑا سانحہ ہوچکا ہے جس میں کم ازکم 10لوگوں کی جان گئی تھی اور بہت سارے افراد زخمی ہوگئے تھے۔پھر ایک بار ٹینکر الٹنے سے سابقہ حادثے کی خوفناک یادیں عوام کے ذہنوں میں تاز ہ ہوگئیں۔لیکن چونکہ الٹنے کی وجہ سے ٹینکر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا اور گیس بھی خارج نہیں ہورہی تھی، اس لئے کوئی بڑاسانحہ رونما نہیں ہوا۔
مقامی ایم ایل اے شکنتلا شیٹی، ضلع ایس پی بھوشن گلاب راؤبورسے،ایڈیشنل ایس پی ویدا مورتی،بنٹوال تحصیلدار پوراندر ہیگڈے وغیرہ نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔بعد میں بڑی مشقت کے ساتھ ٹینکر سے ٹرالی اور ٹینک کو الگ کرکے کرین کے ذریعے دوسرے انجن سے جوڑا گیا اور حادثے کے مقام سے ہٹایا گیا۔اُپن انگڈی اور بنٹوال پولیس کے علاوہ ٹاون ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے فائر بریگیڈ عملے کے ساتھ ایل پی جی ایمرجنسی گاڑیوں کے تعاون سے اس ہنگامی صورتحال کو بڑی مستعدی اور مہارت سے سنبھال لیا۔جبکہ ایک مقامی شخص نے اپنے تالاب سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو وافر مقدار میں پانی فراہم کیا۔